نہال عبداللہ کی وفات فروری 8

نہال عبداللہ 8 فروری 1983ء کو ریڈیو پاکستان کے معروف موسیقار اور گلوکار نہال عبداللہ کراچی میں وفات پاگئے۔ نہال عبداللہ 1924ء میں قصبہ چڑاوا ریاست جے پور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد استاد اللہ دیا سارنگی نواز اور اپنے بھائی استاد جمال خان سارنگی نواز سے حاصل کی۔ 1948ء میں وہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوئے۔ 1951ء میں انہوں نے پاکستان کی قومی ترانے کی کمپوزنگ میں حصہ لیا اور 1953ء میں جب یہ قومی ترانہ ریکارڈ ہوا تو اس میں ان کی آواز بھی شامل تھی۔ نہال عبداللہ نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں نفیس فریدی کا لکھا ہوا مشہور گیت ’’پاکستانی بڑے لڑیا، جن کی سہی نہ جائے مار‘‘ گاکر بڑی شہرت حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ عزیز حامد مدنی کی مشہور غزل ’’تازہ ہوا بہار کی دل کا ملال لے گئی‘‘ بھی ان کے کریڈٹ پرہے۔ یہ غزل انہوں نے راگ جے جے ونتی میں کمپوز کی تھی اور اسے مہدی حسن کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نہال عبداللہ نے ایک فلم چراغ جلتا رہا کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی جس کے ہدایت کار فضل احمد کریم فضلی تھے۔

Leave a Reply