یوم یکجہتی کشمیر کا آغاز 5 فروری 1990

یوم یکجہتی کشمیر یکم فروری 1990ء کو پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کی حمایت، بھارتی افواج کے مظالم کی مذمت اور کشمیری مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے 5 فروری کو پورے ملک میں کشمیر منانے اور مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی۔ مسئلے کی اہمیت کے پیش نظر وفاقی حکومت نے بھی 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کردیا اور ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ 5 فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے طول و عرض میں مکمل ہڑتال ہوئی۔ تمام تجارتی، کاروباری، صنعتی مراکز، سرکاری اور نجی دفتر بند رہے۔ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بالکل بند تھی۔ جگہ جگہ احتجاجی جلسے منعقد ہوئے اور جلوس نکالے گئے۔ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔ یہ رضاکارانہ طور پر کی گئی ہڑتال مکمل طور پر امن رہی۔ کراچی سے خیبر تک کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم نے یکجہتی کا بے مثال اور کامل مظاہرہ کیا۔ اب پاکستان میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی آزاد کشمیر منایا جانا ایک مستقل روایت بن گیا ہے۔

Leave a Reply