آرزو لکھنوی کی پیدائش فروری 17

آرزو لکھنوی 17 فروری 1873ء اردو کے معروف شاعر جناب آرزو لکھنوی کی تاریخ پیدائش ہے۔ آرزو لکھنوی کا اصل نام سید انوار حسین تھا اور وہ لکھنو میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے جس کا اوڑھنا بچھونا شاعری تھا۔ گھر کی روایت کے مطابق انہوں نے بھی شاعری کو اپنایا اور ضامن علی جلال لکھنوی کے شاگرد ہوگئے۔ ان کے کلام کے کئی مجموعے شائع ہوئے تھے جن میں فغان آرزو‘ جہان آرزو‘ نشان آرزو‘ زبان آرزو اور سریلی بانسری بے حد مشہورہیں۔ انہوں نے متعدد فلموں کے گیت اور مکالمے بھی تحریر کیے تھے جن میں دیوداس، مکتی، اسٹریٹ سنگر، جوانی کی ریت، آندھی، نرتکی، ڈاکٹر، لگن، جوانی، یاد، لالہ جی، روٹی، فیشن، پرایا دھن اور بے قصور کے نام سرفہرست تھے۔ 16 اپریل 1951ء کو آرزو لکھنوی کراچی میں وفات پاگئے۔ انہیں میوہ شاہ میں علی باغ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ ان کا ایک شعر ملاحظہ ہو: دو تند ہوائوں پر بنیاد ہے طوفاں کی یا تم نہ حسیں ہوتے یا میں نہ جواں ہوتا

Leave a Reply