الپ ارسلان وفات 15 دسمبر

الپ ارسلان ایک سلجوق سلطان تھا جو اپنے چچا طغرل بیگ کے بعد تخت پر بیٹھا۔ اس نے 1063ء سے 1072ء تک حکومت کی۔ بہت بیدار مغز اور بہادر بادشاہ تھا۔ مشہور مدبر نظام الملک طوسی کو اپنے باپ چغری بیگ کی سفارش پر وزیر سلطنت مقرر کیا۔ اس کے عہد میں سلجوقی سلطنت کی حدود بہت وسیع ہوئیں۔ پہلے ہرات اور جند (ماوراء النہر) کو اپنی قلمرو میں شامل کیا۔ پھر فاطمی حکمران کو شکست دے کر مکہ اور مدینہ کو اپنی قلمرو میں شامل کیا۔ اس سے اسلامی دنیا میں سلجوقیوں کا اثر و اقتدار بڑھ گیا۔ بازنطینیوں نے حملہ کیا تو 26 اگست 1071ء کو جنگ ملازکرد میں انہیں عبرتناک شکست دی۔ اور قیصر روم رومانوس چہارم کو گرفتار کر لیا۔ قیصر روم نے نہ صرف تاوان جنگ ادا کیا اور خراج دینے پر رضامند ہوا۔ بلکہ اپنی بیٹی سلطان کے بیٹے سے بیاہ دی اور آرمینیا اور جارجیا کے علاقے اس کو دے دیے۔ خوارزمی ترکوں کے خلاف ایک مہم میں قیدی بناکر لائے گئے خوارزمی گورنر یوسف الخوارزمی کی تلوار سے شدید زخمی ہوا اور 4 دن بعد 25 نومبر 1072ء کو محض 42 سال کی عمر میں انتقال کرگیا۔ الپ ارسلان کو مرو میں ان کے والد چغری بیگ کی قبر کے برابر میں دفن کیا گیا۔
جدید میڈیا میں
ترکی کے مشہور قومی ٹیلی ویژن اسٹیشن، ٹی آرٹی نے سلطان الپ ارسلان کی زندگی پر مشتمل ایک ٹی وی سیریز تیار کی جس کا نام عظیم سلجوق رکھا گیا ، اور اس سیریز کا پہلا سیزن 27 اقساط پر مشتمل تھا جو 8 نومبر 2021 کو نشر ہوا اور 30 مئی 2022 کو اختتام پذیر ہوا جبکہ اس کے دوسرے سیزن کی پہلی قسط 19 ستمبر 2022 کو نشر کی گی۔

اس سیریز کو ترکش زبان میں فلمایا گیا ہے اور مختلف چینلز نے اس سیریز کو دیگر زبانوں میں متن (سبٹائٹلز) کے ساتھ نشر کیا، جن میں سرفہرست عربی ،انگریزی ،اردو اور ہندی زبان ہیں۔
بشکریہ وکی پیڈیا